ریاض ۔سعودی انجینیئر حسام محجوب نے سعودی پوشاک کی طرز پر نئی عمارت کا ڈیزائن تیار کیا ہے۔ انہوں نے الشماغ کی طرز پرعمارت ڈیزائن کرکے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔سعودی عرب کے بیشتر شہری سر پر جو رومال پہنتے ہیں اسے الشماغ کہا جاتا ہے۔ الیوم پروگرام کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی انجینیئر نے کہا کہ بیرون ملک تعلیم مکمل کرکے وطن واپسی پر اپنی ثقافت کی طرز تعمیر بدلنے کا پروگرام بنایا۔ خواہش ہے کہ سعودی عرب کی عمارتیں سعودی ثقافت کی آئینہ دار ہوں۔حسام محجوب نے کہا کہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے دوران اکثر غیرملکی سعودی شماغ کے بارے میں سوال کیا کرتے تھے۔ وہ پوچھتے تھے کہ الشماغ کیا ہے؟ اور سعودی شہری اسے کیوں استعمال کرتے ہیں؟ اسی پس منظر نے شماغ کی شکل جیسی عمارت ڈیزائن کرنے پر آمادہ کیا۔ سعودی انجینئیر نے کہا ہے کہ دو برس تک شماغ نما بلڈنگ کے ڈیزائن پر غوروخوض کیا۔ اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ اس ڈیزائن کی عمارت تعمیر کرنا آسان ہے۔