’’شمالی امریکہ میں خواتین کی اردو خدمات‘‘، کے مصنف ڈاکٹر عبدالقادر فاروقی کو تہنیت

   

سولاپور ۔ اردو زبان و ادب کے ماہر ڈاکٹر عبدالقادر فاروقی حال مقیم نیویارک کی یکم جولائی کو 75 ویں سالگرہ کے موقع پر بھارتیہ اردو وکاس فاؤنڈیشن سولاپور کے زیر اہتمام انجمن علم و ادب اور ساؤتھ ایشین کلچرل سوسائٹی آف شکاگو امریکہ کے اشتراک سے ’’تو ہے اردو کا قلندر خانقاہِ شوق میں‘‘ کے عنوان سے آن لائن ادبی و تہنیتی نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ فاؤنڈیشن کے صدر سلطان اختر نے مہمانان اعزازی کا تعارف کرایا۔ بطور مہمان پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد آفاقی وارانسی نے ڈاکٹر فاروقی کی علمی و ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ فاروقی صاحب بیک وقت محقق و نقاد ہیں۔ اردو کو پھیلانے کے لئے بڑا کام کررہے ہیں۔ کسی بھی علمی و ادبی شخصیت کو یاد کرنا، علمی و تہذیبی روایت ہے۔ اس روایت کو زندہ رکھنا خوشی کی بات ہے۔ عبدالقادر فاروقی جیسی شخصیتیں کم ہی جنم لیتی ہیں۔ شکاگو امریکہ سے اردو کی معتبر شاعرہ و ادیبہ غوثیہ سلطان نوریؔ نے کہا کہ پروفیسر فاروقی تہذیب و تمدن کی جان اور علم کی پہچان ہیں۔ ادب اور اردو دنیا دونوں کو کھلی آنکھ سے دیکھتے ہیں۔ ’’شمالی امریکہ میں خواتین کی اردو خدمات‘‘ قلمبند کرنے والے وہ پہلے مصنف ہیں۔ افریقی کہاوت ہے ’’اگر آپ تیزی سے جانا چاہتے ہیں تو تنہا چلے جائیں اور اگر آپ بہت دور تک جانا چاہتے ہیں تو کسی کو ساتھ لے کر جائیں‘‘۔ یہ کہاوت ڈاکٹر فاروقی کی کاوش پر پوری طرح اترتی ہے۔ ڈاکٹر فاروقی ہمیشہ متحد ہوکر اردو کے لئے کام کررہے ہیں۔ یہ قابل ستائش ہے۔ ڈاکٹر شبیر اقبال دھولیہ نے کہا کہ ’ڈاکٹر فاروقی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ نواب رونق جمال درگ، پروفیسر سلیم دولت کوٹی بیجاپور، پروفیسر مومن بیجا پوری، ڈاکٹر نزہت شاہ امریکہ، ڈاکٹر جاوید شاربؔ پالوجی ممبئی، غلام ثاقب بیڑ، ارشد صدیقی بیڑ، پروفیسر جاوید پاشاہ بیڑ، ایوب نالامندو سولاپور، ریاض توحیدی جموں کشمیر، انور کمشنر سولاپور اور دیگر نے اس میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر فاروقی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرا قلم ہی میری خوشبو ہے اور میں اس مشن کو لے کر نکلا ہوں۔