عدیس ابابا : بحران زدہ افریقی ملک ایتھوپیا کے شمال میں جاری مسلح تنازعہ شدید تر ہو گیا ہے۔ تیگرائی عوامی محاذ آزادی نامی تنظیم ٹی پی ایل ایف نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ایتھوپیا کی فوج کے خلاف لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ٹی پی ایل ایف کے رہنما گیبرے مائیکل نے کہا کہ ان کی تنظیم کے جنگجو آئندہ بھی ایتھوپیا کی فوج کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی تب تک جاری رہے گی، جب تک تیگرائی کی سرزمین پر مسلح دراندازی کرنے والے موجود رہیں گے۔ ایتھوپیا کے وزیر اعظم آبی احمد نے گزشتہ ہفتے کے روز تیگرائی کے علاقائی دارالحکومت پر ملکی فوج کے قبضے کے بعد اعلان کر دیا تھا کہ تیگرائی کا خونریز تنازعہ اب ختم ہو گیا ہے۔