شمالی شام میں باغیوں میں لڑائی ، درجنوں ہلاک

   

بیروت۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی شام کے باغیوں کے زیرقبضہ حصوں میں دو روزہ لڑائی کے نتیجہ میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں نے ترکی کی حمایت والے باغیوں کے خلاف اپنی جارحانہ پیش قدمی جاری رکھی ہے۔ جنگی صورتِ حال پر نظر رکھنے والے ادارہ نے کہا کہ لڑائی کی نئی لہر کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وسط ڈسمبر میں یکایک اعلان کردیا کہ وہ شام سے 2,000 امریکی فوجیوں کو واپس طلب کررہے ہیں۔ترکی نے کرد جنگجوؤں کے خلاف ملٹری آپریشن جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔ ان حالات میں باغیوں کے درمیان لڑائی میں مقامی حالات مزید ابتر بنا دیئے ہیں۔ القاعدہ والے جنگجو شمالی خطے میں ترک حمایت والے جنگجوؤں کا ناطقہ بند کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔