شمالی شام میں ترک عسکری کارروائی پر یورپ میں احتجاجی مظاہرے

   

Ferty9 Clinic

ویانا 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی شام میں ترک عسکری مداخلت کے خلاف یورپ میں کئی مقامات پر بڑے مظاہرے ہوئے۔ ترک صدر رجب طیب اردغان کے حکم پر شمالی شام میں کردوں کے خلاف جاری اس فوجی کارروائی کے خلاف یورپ میں مظاہرین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھی نعرے بازی کرتے رہے۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں قریب چار ہزار مظاہرین نے ترکی کے خلاف احتجاج کیا۔ آسٹریا کے درالحکومت ویانا میں بھی قریب دو ہزار افراد ایسے ہی ایک مظاہرے میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ جرمنی اور ہالینڈ میں بھی کردوں کے حامی افراد نے ترکی کے خلاف ان مظاہروں میں حصہ لیا۔ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی شام سے امریکی دستوں کے انخلا کے اعلان کے بعد ترکی نے وہاں کرد عسکری تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا تھا۔