شمالی غزہ میں حماس کے پانچ کارکن ہلاک : اسرائیلی فوج

   

غزہ : اسرائیلی فوج نے جمعہ کو کہا کہ اس نے شمالی غزہ کے بیت لاہیا میں رات بھر کی کارروائی میں کمانڈروں سمیت حماس کے پانچ کارکنوں کو ہلاک کر دیا۔ اس حملے کے حوالے سے فلسطینی طبی ماہرین نے درجنوں افراد کی ہلاکت یا گمشدگی کی اطلاع دی ہے۔ایک بیان میں فوج اور شِن بیٹ سیکیورٹی ایجنسی نے کہا کہ انہوں نے “حماس کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں ایک نخبہ (کمانڈو) کمپنی کمانڈر اور ایک اضافی کمپنی کمانڈر شامل ہیں جنہوں نے سات اکتوبر کے حملے میں حصہ لیا تھا۔”بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی سرحد کے قریب جنوبی اسرائیل میں ایک کبوتز کمیونٹی میفالسم کے علاقے میں ان کمانڈروں نے قتل اور اغوا کی کارروائیوں کی قیادت کی تھی۔غزہ کی پٹی میں سول ڈیفنس ایجنسی فوری طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی درست تعداد فراہم کرنے کے قابل نہیں تھی۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے “شہریوں کو لاحق خطرات کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات” کیے تھے۔اس میں ہلاک شدہ مزاحمت کار کمانڈروں کا نام جہاد کہلوت اور محمد اوکل بتایا گیا ہے۔فوجی بیان میں مزید کہا گیا، وہ “شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجیوں کے خلاف لڑائی کے رہنماؤں میں شامل تھے جن کی کارروائی اس وقت علاقے میں جاری ہے۔”حماس کو غزہ کی پٹی کے پہلے ہی تباہ حال شمال میں دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل نے اکتوبر کے اوائل میں اس علاقے میں ایک وسیع کارروائی شروع کی۔