اسلام آباد: شمالی وزیرستان کے علاقہ شوال میں سڑک کے کنارے نصب شدہ بم پھٹنے سے دھماکہ کے نتیجے میں 13 مزدور جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر جنوبی وزیرستان نیک محمد کے مطابق پاک۔افغان سرحد کے قریب واقع شوال میں سڑک کے کنارے نصب شدہ بم پھٹنے سے 13 مزدور جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے جبکہ مزدوروں کی وین بم دھماکے سے مکمل تباہ ہوچکی ہے۔ مقامی قائد یار گل کے مطابق دہشت گردوں نے روڈ سائڈ پر بم نصب کیاتھا تاکہ سکیورٹی فورسز کی قافلہ کو نشا نہ بنایا جاسکے جوکہ شوال کے علاقہ گل میر کوٹ کے قریب سے گزر رہا تھا۔ مقامی عمائدین کے مطابق کے مطابق سیکوریٹی فورسز کا قافلہ گزرتے ہی بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، مزدوروں میں سے 11کا تعلق جنوبی وزیرستان اپر محسود قبیلے کے سپین کمر کے علاقہ سے ہے جبکہ 2 کا تعلق جنوبی وزیرستان لوئر احمد زئی وزیر سے بتایا جا رہا ہے۔ زخمیوں اور متعدد نعشوں کو مقامی ہستپال پہنچا دیا گیا ہے۔