پشاور، 17اکتوبر (یو این آئی) خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر تحریک طالبان پاکستان کا حملہ ناکام بنادیا گیا، خودکش حملہ آور سمیت 4 بیرونی شہری ہلاک ہوگئے جبکہ دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 6 افراد کو ہلاک کردیا گیا۔ دوسری جانب لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے 8 افراد کو ہلاک کردیا۔ میر علی میں افراد نے سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی کوشش کی، ایک خارجی نے بارود سے بھری گاڑی فورسز کے کیمپ کی دیوار سے ٹکرائی جو دھماکے سے پھٹ گئی، جبکہ 3 مزید خارجیوں نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ بروقت کارروائی میں تینوں افراد کو کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیا گیا، واقعے میں سیکیورٹی فورسز کا کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ٹنگ کلی (دتہ خیل) میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کمانڈر سمیت 6 افراد کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی فورسز کو مضافاتی علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں، جس پر 8 سے 10 روز تک علاقے کی بھرپور نگرانی کی گئی۔
16 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے ان دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور 3 کو زخمی کردیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ان کا کمانڈر محبوب عرف محمد بھی شامل ہے ۔ سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائی علاقے میں امن دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے ، عوام اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔