سینٹیاگو 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک طاقتور زلزلہ جس کی شدت ریختر پیما پر 6.7 ریکارڈ کی گئی ، ہفتے کے دن چلّی کے شمالی وسطی علاقہ کو دہلا گیا۔ امریکہ کے ارضیاتی سروے کے بموجب یہ زلزلہ 53 کیلو میٹر (33 میل) کی گہرائی میں اپنا مبدا رکھتا تھا جو کاخیمبو کے جنوب مغرب میں 15 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔ زلزلے کا جھٹکہ گرینچ اوسط وقت کے بموجب ایک بجکر 32 منٹ شب وال پرائیسو اوہیگنس اور دارالحکومت سائنٹیاگو کے بعض علاقوں کے علاوہ اٹاکاما اور کوخیمبو میں بھی محسوس کیا گیا جو شمالی چلّی میں ہے۔ ہزاروں مکان برقی سربراہی سے محروم ہوگئے۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ زلزلے کا جھٹکہ شدید تھا۔ قومی ہنگامی صورتحال کے دفتر نے کہاکہ فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے یا جائیداد کے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔