شخصی استعمال والی ٹرین کی تازہ تصاویر کی اجرائی سے اندیشے ۔ شمالی کوریا سے کسی اطلاع کی توثیق نہیں ہوئی
سیول 26 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ٹرین جو سمجھا جاتا ہے کہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کی ہے وہ اپنے کمپاونڈ میں جو ملک کے مشرقی ساحل پر واقع ہے ‘ گذشتہ ایک ہفتے سے پارک کی ہوئی ہے ۔ یہ بات سٹیلائیٹ سے لی گئی کچھ تصاویر سے سامنے آئی ہے جبکہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کیونکہ وہ کافی دنوں سے عوام میں نظر نہیں آئے ہیں۔ سٹیلائیٹ تصاویر کو ایک ویب سائیٹ 38 نارتھ نے جاری کیا ہے جو شمالی کوریائی امور کے تعلق سے مہارت کی حامل ہے ۔ اس ویب سائیٹ نے تاہم کم جونگ ان کی صحت کے تعلق سے کچھ بھی کہنے سے گریز کیا ہے جبکہ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کم جونگ ان کے قلب کی سرجری ہوئی تھی جس کے بعد ان کی حالت بہت بگڑ گئی ہے ۔ تاہم اس کی کہیں سے توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔ اس ویب سائیٹ نے بھی جنوبی کوریائی حکومت کی انٹلی جنس کی اطلاعات پر ہی اکتفاء کیا ہے جن میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ کم جونگ ان دارالحکومت پیانگیانگ کے باہر ہیں۔ جنوبی کوریا کا یہ خیال ہے کہ ابھی تک ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے جس سے یہ دعوی کیا جاکے کہ کم جونگ ان کی صحت ناساز ہے ۔ اس کے باوجود غیر مصدقہ اطلاعات اور میڈیا رپورٹس ضرور گشت کر رہی ہیں جن میں کم جونگ ان کی صحت کے تعلق سے اندیشوں کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ کم جونگ ان نے 15 اپریل کو اپنے دادا و شمالی کوریا کے بانی کم یل سونگ کی 108 ویں یوم پیدائش تقریب میں شرکت سے گریز کیا تھا ۔ اس کے بعد سے ان کی صحت کے متعلق اندیشوں کا اظہار کیا جا رہا ہے اور قیاس آرائیوں میں بھی شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ کم جونگ ان شمالی کوریا پر حکومت کرنے والے اپنے خاندان کے تیسرے رکن ہیں۔ ان کے دادا کے بعد والد نے ملک پر حکومت کی تھی اور اب کم جونگ ان حکومت کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق اطلاعات انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں
کیونکہ انہیں شمالی کوریا میں ایک طرح سے پوجا جاتا ہے اور ان کے ایک اشارے پر کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ یہ اندیشے بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ اگر ان کی صحت سے متعلق کچھ تشویشناک اطلاعات آتی ہیں تو جزیرہ نما کوریا میں سیاسی توازن اور یہاں استحکام بگڑسکتا ہے ۔ جنوبی کوریا کے کئی ماہرین نے تاہم ان قیاس آرائیوں کو زیادہ اہمیت نہیں دی ہے کہ کم جونگ ان کی صحت خراب ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کم بیماری کی وجہ سے سرکاری کام کاج کرنے سے قاصر رہیں یا پھر یہ کہ وہ فوت بھی ہوجائیں تو زیادہ کچھ متاثر نہیں ہوگا کیونکہ ان کی بہن کم یو جونگ فوری طور پر ذمہ داری سنبھال سکتی ہیں کیونکہ وہ بھی انتہائی بااثر ہیں۔ حالانکہ ان سب کے باوجود شمالی کوریا کے دیرپا سیاسی مستقبل کے تعلق سے کچھ ابھی سے کہا نہیں جاسکتا ۔ ویب سائیٹ 38 ناتھ نے کہا ہے کہ جو تصاویر جاری کی گئی ہیں ان کے مطابق یہ ٹرین 21 اپریل سے اس اسٹیشن پر پارک کی ہوئی ہے ۔ ویب سائیٹ نے بھی خود یہ ادعا کردیا ہے کہ یہاں ٹرین کا کھڑا ہونا اس بات کا اشارہ یا ثبوت نہیں ہے کہ کم جونگ ان وہاں موجود ہیں یا ان کی صحت خراب ہے ۔