شمالی کوریا آنجہانی قائد کی یوم پیدائش پر سکے جاری کرے گا

   

سیول ۔ شمالی کوریا اپنے آنجہانی قائد کم جونگ اِل کی یوم پیدائش کویادگار بنانے کے لئے یادگاری سکے جاری کرے گا۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے ) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ کے سی این اے کے مطابق سپریم پیپلز اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی چہارشنبہ کو لیڈر کم جونگ اُن کے والد کم جونگ اِل کی 80ویں سالگرہ کی تصویر والے سکے جاری کرے گی۔ یونہاپ نیوز ایجنسی نے بتایا سکے کے دوسرے حصے پرآنجہانی قائد کے کوریائی جزیرہ نما کی بلند ترین چوٹی پیکڈو ماؤنٹین پرواقع جائے پیدائش کی تصویر ہوگی۔ شمالی کوریا اپنے آنجہانی قائد کی برسی کے موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کرتا رہا ہے ۔