واشنگٹن ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ نیوکلیئر ہتھیاروں سے دست برداری کے لئے مذاکرات کی امریکی دعوت قبول کرے۔ ایسپر کے مطابق جزیرہ نما کوریا میں سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے سیاسی مذاکراتی عمل ہی بہتر اور مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اْن سے کہا ہے کہ وہ نیوکلیئر ہتھیار سازی کے سلسلے کو شروع کرنے کے بجائے روک کر رکھیں۔ امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریائی لیڈر نے گزشتہ ہفتے یہ کہا تھا کہ ان کا ملک نیوکلیئر ہتھیار سازی اور بیلسٹک میزائل کے تجربات کو مزید روک نہیں سکتا۔