ملین ڈالرز کی کرپٹو کرنسی چرائی: اقوام متحدہ
واشنگٹن : شمالی کوریا نے پابندیوں کے شکار اپنے نیوکلیئر و بیالسٹک میزائل پروگرام کوآگے بڑھانے کیلئے حالیہ مہینوں میں سائبر حملوں کے ذریعہ 300 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی چرائی ہے۔شمالی کوریا پر پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے پینل کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹ تاحال خفیہ ہے اور اس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں پیانگ یانگ کی جانب سے چرائے گئے ورچول اثاثوں کی مالیت 316 ملین ڈالر سے زائد ہے۔شمالی کوریا نے ایکسچینج اور مالیاتی اداروں کو ہیک کر کے اپنے نیوکلیئر اور میزائل پروگرام کے لیے رقم اکھٹی کی۔رقم کا ایک بڑا حصہ گزشتہ برس کے اواخر میں ہیکنگ کر کے چرایا گیا۔شمالی کوریا ہزاروں تربیت یافتہ ہیکرز کی فوج چلانے کے لیے جانا جاتا ہے، جو جنوبی کوریا اور دیگر جگہوں پر بھی فرمز، انسٹی ٹیوشن اور محققین کو نشانہ بناتے ہیں۔شمالی کوریا پر یہ بھی الزام ہے کہ مالی فوائد کیلئے یہ اپنی سائبر صلاحیتوں کا استعمال کرتا ہے۔شمالی کوریا کو اپنے جوہری ہتھیاروں اور بیالسٹک میزائل پروگرام کی وجہ سے متعدد عالمی پابندیوں کا سامنا ہے۔ کم جون ان کی سربراہی میں شمالی کوریا کا جوہری پروگرام تیزی سے آگے بڑھا ہے۔
