واشنگٹن ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نائب صدر مائیک پنس نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا نے اپنے وعدہ کے مطابق اب تک اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں سے دستبرداری اختیار نہیں کی ہے جس کا امریکہ منتظر ہے۔ یہ وہ ہتھیار ہیں جن سے نہ صرف امریکہ بلکہ دیگر ممالک کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ موصوف گلوبل چیف آف مشن کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان کے اس خطاب کو اس لئے بھی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا دونوں ہی جانب سے قائدین ٹرمپ اور کم جونگ کے درمیان بہت جلد ایک اور ملاقات کی تیاریاں کررہے ہیں جبکہ دونوں قائدین کے درمیان حالیہ دنوں میں مکتوبات کا تبادلہ ہوا تھا۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال 12 جون کو ٹرمپ اور کم جونگ کی سنگاپور میں تاریخی ملاقات ہوئی تھی جس میں شمالی کوریا نے وعدہ کیا تھا کہ وہ نیوکلیئر توانائی سے پاک ملک بن جائے گا اور کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیئر توانائی سے پاک کردیا جائے گا تاہم دونوں قائدین کے درمیان اس بات پر کوئی اتفاق نہیں ہوا تھا کہ شمالی کوریا ایسا کب اور کس طرح کرے گا۔ پنس نے کہا کہ صدر ٹرمپ تو ایک طرف کم جونگ سے دوسری ملاقات کیلئے خود کو تیار کررہے ہیں وہیں اب تک شمالی کوریا کی جانب سے نیوکلیئر توانائی اور ہتھیاروں سے دستبرداری کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔