پیانگ یانگ، 6 نومبر (یو این آئی) شمالی کوریا نے امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئیں پابندیوں کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے جواب دینے کا اعلان کردیا۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی پابندیاں عائد کر رہی ہے جو اسے اشتعال دلاتی ہیں، پابندیوں کا جواب دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے منگل کو شمالی کوریا کے 8 افراد اور 2 اداروں پر پابندیاں عائد کیں جن کے بارے میں کہا گیا کہ وہ سائبر سے متعلق مختلف منی لانڈرنگ اسکیموں میں ملوث تھے ۔ مذکورہ امریکی اقدام ملک میں ہتھیاروں کے پروگرامز کیلیے فنڈنگ روکنے کا حصہ ہے ۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا ‘کے سی این اے ‘ کی جانب سے بیان میں ملک کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پرانی ناکام اسکرپٹ کی پیروی کرتے ہوئے نئے نتیجے کی توقع کرنا احمقانہ ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکہ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ جتنی بھی پابندیاں عائد کرے وہ اس سے فائدہ حاصل نہیں کر سکے گا، ٹرمپ انتظامیہ نے ہمارے ساتھ اشتعال انگیزی کا مؤقف ظاہر کیا ہے ہم بھی صبر کریں گے اور اسی طرح کا جواب دیں گے ۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے اس ہفتے کہا تھا کہ شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان اگلے سال کے شروع میں سربراہی اجلاس منعقد ہونے کا امکان بہت زیادہ ہے ۔