سیول: شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کورین جزائر پر 200 سے زائد گولے فائر کیے گئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریائی وزارت دفاع کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ پیانگ یانگ نے جنوبی کوریا کے سرحدی جزائر کو 200 سے زائد گولوں سے نشانہ بنایا ہے۔ سیول حکومت نے شیلنگ کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے پیانگ یانگ کو خبردار کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے۔ علاوہ ازیں دونوں جزیروں پر رہنے والے شہریوں کو فوری طور پر انخلا کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریائی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنوبی کوریا سے لاحق کے خطرات کی وجہ سے ممکنہ جوابی اقدام کے طور پر بحریہ کی فائر نگ مشق کی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج نے جمعہ کی صبح دونوں ملکوں کے درمیان ڈیفیکٹو میری ٹائم سرحد کے بالکل جنوب میں واقع کوریائی جزائر ہیون پیونگ اور باینگنیونگ کے قریب گولوں کے تقریباً 200 راؤنڈ فائر کیے۔
