شمالی کوریا کے فوجیوں کا ’سفاکانہ‘ جنگی مظاہرہ،

   

کم جونگ ان خوشی سے سرشار
پیانگ یانگ ۔ 31 مارچ (ایجنسیز) شمالی کوریا کے سربراہ کِیم جونگ اون نے اپنی ملکی فوجی طاقت کے ایک مظاہرے میں شرکت کی اور اس منظر سے وہ کافی متاثر نظر آئے۔نمائش کے سب سے عجیب و غریب حصوں میں، بھیس بدلے ہوئے فوجیوں نے ایک دوسرے کے سروں پر کنکریٹ کے بھاری سلیب توڑے، جس کے بعد انہوں نے فنونِ سپہ گری کا مظاہرہ کیا جس کا اختتام ایک فوجی کی قلابازی پر ہوا۔اسی دوران ایک اور فوجی نے لمبی لکڑی کی چھڑی لی اور اس سے ایک لڑاکا فوجی کو ضرب لگائی، جس سے لڑائی کے دوران ہی چھڑی کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ کِیم جونگ اون کو ایک بڑی لکڑی کی میز کے پیچھے سفید رنگ کی دفتری کرسی پر بیٹھے ہوئے مظاہرے پر تبصرہ کرتے دیکھا گیا، جبکہ فوجی وردیوں میں ملبوس اہلکار ان کی باتوں پر ہنس رہے تھے۔ایک اور منظر میں شرکاء نے ایک فوجی کے پیٹ پر کنکریٹ کے سلیب رکھے جبکہ دوسرے نے بڑے ہتھوڑے سے انہیں ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔کیمرہ مسلسل شمالی کوریا کے سربراہ کی طرف مڑتا رہا جو اس شو سے بہت لطف اندوز ہو رہے تھے اور اپنی چوڑی مسکراہٹ اور بھرپور تالیوں کے ذریعے داد دے رہے تھے۔ ایک اور جگہ فوجی ایسی مشق میں مصروف تھے جس میں کدالیں پھینکنا اور اپنے ساتھیوں کے تنے ہوئے پیٹ پر ہتھوڑے مارنا شامل تھا۔