نئی دہلی : قومی راجدھانی خطہ دہلی میں آلودگی کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے راگھو چڈھا نے کہا کہ پورا شمالی ہندوستان دھوئیں کی چادر میں لپٹا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف دہلی کا نہیں بلکہ پورے شمالی ہندوستان کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرالی جلانا آلودگی کی صرف ایک وجہ ہے اور اسے صرف آلودگی کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے ۔ مسٹر چڈھا نے اس کے لیے کسانوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کو غیر منصفانہ قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرالی جلانے کے واقعات میں پنجاب میں ستر فیصد کمی آئی ہے جبکہ ہریانہ، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں اس میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو مشینوں کے ذریعے پرالی کو ٹھکانے لگانے میں بہت زیادہ رقم خرچ کرنی پڑتی ہے اور کاشتکار کو صحت پر اثرات کے علاوہ آلودگی کی وجہ سے نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہر کسان کو 2500 روپے فی ایکڑ دیا جائے ۔ اس میں سے دو ہزار روپے مرکزی حکومت کو اور پانچ سو روپے ریاستی حکومت کو دنے چاہئیں ۔ بیجو جنتا دل کے سبھاش کھنٹیا نے پوری، اڈیشہ میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جلد تکمیل اور اس کے آپریشنل کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اڈیشہ حکومت نے اس سے متعلق تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں لیکن مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔بی جے پی کی سنگیتا یادو نے تجویز پیش کی کہ مرکزی حکومت کی اسکیموں کو ہر گاؤں میں مقامی زبانوں کے ذریعے عام کیا جانا چاہئے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مرکزی حکومت کی اسکیموں کا فائدہ تمام لوگوں، خصوصاً خواتین تک پہنچ سکے ۔کانگریس کے شکتی سنگھ گوہل نے احمد آباد کے ایک اسپتال کے ذریعہ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے غلط استعمال کا معاملہ اٹھایا۔
بی جے پی کے اجیت مادھو راؤ نے انٹرنیٹ پر غیر قانونی جوئے کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے دہشت گردی کی مالی امداد کی جا رہی ہے ۔وائی ایس آر سی پی کے اجودھیا رامی ریڈی الا نے اولمپک کھیلوں میں تمغوں کی ناکافی تعداد کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود اولمپک کھیلوں میں ہندوستان 70 ملکوں سے پیچھے ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سمیک بھٹاچاریہ نے کولکتہ میں ساہا انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر فزکس میں سیکورٹی بڑھانے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کے باہر روہنگیا اور بنگلہ دیش سے آنے والے دراندازوں کی وجہ سے سیکورٹی کو خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کے باوجود پولیس اس سمت میں ٹھوس کارروائی نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر ووٹوں کے لیے چاپلوسی کرنے کا بھی الزام لگایا۔