نئی دہلی:شمالی بھارت میں گزشتہ تین دنوں سے جاری بارشوں کے باعث کم از کم 20 مزید اموات کی اطلاع ملی ہے، جب کہ انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ہماچل پردیش میں بارش سے متعلقہ واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ میں شدید بارش کی وجہ سے پانچ لوگوں کی موت ہوئی جبکہ اتر پردیش، راجستھان اور پنجاب میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے کسول، مانیکرن، کھیر گنگا اور پلگا علاقوں کا فضائی سروے کیا،انہوں نے بتایا کہ کلو کے سنج علاقے میں تقریباً 40 دکانیں اور 30 مکانات بارش کے پانی میں بہہ گئے۔ وزیر اعلیٰ نے کلو میں ایک ریلیف کیمپ میں لوگوں سے بات چیت کی اور ان میں کھانا تقسیم کیا۔