نئی دہلی: شمالی ہندوستان میں بارش کا موسم پھر لوٹ آیا ہے اور سورج کی بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کے سبب درجہ حرارت میں کمی درج کی جا رہی ہے۔ دہلی۔این سی آر اور مغربی اترپردیش میں جہاں فروری میں ہی لوگوں کو گرمی محسوس ہونے لگی تھی وہاں اب مارچ کے مہینے میں سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی۔این سی آر میں مطلع ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش کا امکان ہے اور مارچ کے آخر تک موسم بدستور ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعہ کو دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس کے بعد دہلی کا درجہ حرارت 30.2 ڈگری سیلسیس تک گر گیا، جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔دوسری جانب ملک کے کئی علاقوں میں ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 25 اور 26 مارچ کو شمال مغربی ہندوستان اور مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں 25 اور 26 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ہے اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی آندھرا پردیش اور یانم، جنوبی اندرونی کرناٹک، تلنگانہ، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل، کیرالہ میں 24 سے 26 مارچ تک ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ تلنگانہ میں آج ژالہ باری کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔آئی ایم ڈی نے کہا ’’اگلے 5 دنوں کے دوران شمال مشرقی ہندوستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ جبکہ 26 اور 27 مارچ کو اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ میں اکا دکا مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔‘‘