ہریانہ میں 2 افراد فوت، دہلی میں سیزن کا اقل ترین درجہ حرارت ، پڑوسی ریاستوں میں بھی حد بصارت میں کمی
نئی دہلی۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ہند میں سردی کی لہر میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں موسم کا اقل ترین درجہ حرارت آج ہفتہ کو ریکارڈ کیا گیا (تفصیلی خبر صفحہ 5 پر)۔ پڑوسی ریاستوں میں دہلی جیسا حال ہے اور کئی مقامات پر حد بصارت میں قابل لحاظ کمی ہوگئی جس کے نتیجہ میں ایر، ریل، روڈ ٹریفک میں متاثر ہوئی۔ متعدد مقامات پر 2 ڈگری سیلسیس سے کم درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ سردی کی لہر میں سال نو تک ماند پڑنے کی توقع نہیں ہے۔ حکام کو دہلی ایرپورٹ سے 4 فلیٹس کو دیگر منزلوں تک موڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ناقص بصارت کے سبب 24 ٹرینوں میں 2 تا 5 گھنٹوں کی تاخیر ہوئی جن میں ہوڑہ۔ نئی دہلی پوروا ایکسپریس شامل ہیں۔ ہریانہ کے ضلع ریواری میں 2 افراد فوت ہوگئے جب دہلی ۔ جئے پور ہائی وے پر گہرے کہر کے سبب 15 گاڑیاں ایک دوسرے میں گھس گئیں۔ اس واقعہ میں 12 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ ہریانہ اور پنجاب کے کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ جموں و کشمیر اور لداخ کے کئی حصوں میں بھی سردی کی شدید لہر جاری ہے جہاں واٹر سپلائی کی لائنس اور سرینگر کی مشہور ڈل جھیل کے حصے منجمد ہوگئے ہیں۔ ہماچل پردیش کے کئی علاقہ بھی یہی صورتحال سے دوچار ہیں جہاں مختلف جگہوں پر درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے درج ہوا۔ راجستھان کے ضلع سیکر میں فتح پور اور ریاست کے کئی دیگر حصوں میں اقل ترین درجہ حرارت منفی 1 یا اس سے کم ریکارڈ کیا گیا۔