تلنگانہ سمیت جنوبی ریاستوں میں آئندہ48گھنٹوں میں بارش کی پیش قیاسی
نئی دہلی ۔11؍جنوری ( ایجنسیز )شمالی ہندوستان میں سردی نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ 11 سے 15 جنوری تک دہلی، اترپردیش، بہار، راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور مدھیہ پردیش میں سرد لہر اور گھنے کہرے کے چھائے رہنے کا امکان ہے۔ملک بھر میں موسم کا مزاج تیزی سے بدلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آنے والے دنوں کے حوالے سے کئی ریاستوں کیلئے وارننگ جاری کیا ہے۔ جہاں ایک طرف جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے وہیں شمالی ہندوستان کے بڑے حصے شدید سرد لہر، گھنے کہرے اور ’کولڈ ڈے‘ کی زد میں رہیں گے۔آئی ایم ڈی کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے گہرے دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) کے اثر سے ٹاملناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک اور کیرالا میں اگلے 48 گھنٹوں تک موسم فعال رہے گا۔ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ٹاملناڈو کے کئی اضلاع کیلئے 13 جنوری تک اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ چینائی، پڈوچیری، ناگاپٹنم، تروولور، کانچی پورم، تنجاور سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شمالی ریاستوں میں کولڈ ڈے جیسی صورتحال بنی رہے گی، جس سے دن بھر ٹھنڈ کا احساس ہوگا۔ صبح کے وقت پالا گرنے اور مرئیت انتہائی کم رہنے کا خدشہ ہے جس سے سڑک، ریل اور فضائی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ دہلی این سی آر میں سردی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی بھی سنگین سطح پر برقرار ہے۔ ہلکی بارش کے باوجود ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آنے والے دنوں میں کم از کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔بہار کے تقریباً 15 اضلاع میں یلو اور 16 اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اتر پردیش کے تقریباً 30 اضلاع میں گھنے کہرے اور کڑاکے کی ٹھنڈ کا الرٹ ہے۔ راجستھان کے کئی حصوں میں کم از کم درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ گھنے کہرے اور خراب موسم کی وجہ سے کئی ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے اور کچھ کے منسوخ ہونے کا امکان ہے۔ فضائی خدمات پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
