دہلی سمیت کئی ریاستوں میں آندھی اور شدیدبارش کا الرٹ‘ کرناٹک میں بھی تباہی
نئی دہلی ۔یکم ؍ جون ( ایجنسیز )جون مہینے کی شروعات ہو چکی ہے۔ ملک کے کئی حصوں میں مانسون پہنچ چکا ہے جبکہ کئی علاقوں میں شدید گرمی کا قہر اب بھی جاری ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے راجستھان، ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، بہار، مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں موسم بدلنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ کئی جگہوں پر آندھی کے ساتھ بجلی گرنے اور شدید بارش کا امکان ہے۔ وہیں مانسون پہنچنے سے پہلے ہی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارش نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں بارش سے متعلق واقعات میں کم سے کم 34 لوگوں کی جان جانے کی اطلاع ہے۔شمالی بنگال اور میگھالیہ پر بنے کم دباؤ کے علاقے کی وجہ سے آسام، میزورم، میگھالیہ، ناگالینڈ، اروناچل پردیش اور مغربی بنگال میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ سیلاب، زمین کھسکنے اور مکانوں اور ہوٹلوں کے منہدم ہونے کی وجہ سے کئی لوگ مارے گئے ہیں اور کئی اب بھی لاپتہ ہیں۔آسام میں زوردار بارش کے سبب کم سے کم 9 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ لکھیم پور ضلع میں رنگا ندی ڈیم سے زیادہ پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے دو لوگوں کی جان گئی ہے۔ گوہاٹی میں تین بچوں سمیت پانچ کی موت ہوئی ہے۔ بونڈا علاقے میں زمین کھسکنے سے ایک شخص کی جان چلی گئی ہے۔ علاقائی موسم سائنس مرکز کے مطابق ریاست کے مغربی حصہ میں تین ضلعوں میں ریڈ الرٹ ہے اور آٹھ دیگر ضلعوں میں رینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔وہیں اروناچل پردیش میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ہائی وے سے ہی ایک کار بہہ گئی جس میں کم سے کم 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ایسٹ کامینگ ضلع میں این ایچ-13 پر پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کار بہہ گئی۔ دوسری طرف میگھالیہ میں تین بچوں سمیت کم سے کم سات لوگوں کی موت ہو گئی۔ چیراپونجی اور ماسنرام میں ایک دن میں ہی 47 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی۔ ناگالینڈ کے چوموکیدیما میں سڑک پر چٹان گرنے کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ میزورم میں گھر اور ہوٹل منہدم ہونے کی وجہ سے کم سے کم 6 لوگوں کی جان چلی گئی۔کرناٹک میں بھی پری مانسون کی بارش نے 125 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا کی دفتر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپریل سے ریاست میں انتہائی پری مانسون کی بارش کی وجہ سے 71 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ ریاست میں عام طور پر مئی میں 74 ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن حقیقی بارش 219 ملی میٹر ہوئی جو اوسط معمول کی بارش سے 197 فیصد زیادہ ہے۔راجدھانی دہلی کے موسم کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں اتوار کو جزوی طور سے بادل چھائے رہیں گے۔ تیز ہوا، آندھی اور گرج کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے جھونکے کے ساتھ ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس دوران تھوڑے وقت کے لیے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چل سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔