شمال مشرقی ہندوستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے

,

   

Ferty9 Clinic

گوہاٹی؍شیلانگ، 5 جنوری (یواین آئی) شمال مشرقی ہندوستان اور بنگلہ دیش میں پیر کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔قدرتی آفات کے بند و بست سے متعلق آسام ریاستی اتھارٹی(اے ایس ڈی ایم اے ) نے بتایا کہ اگرچہ ریاست میں کہیں سے بھی کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ، تاہم ایک معمر خاتون گھر سے باہر بھاگتے ہوئے شدید زخمی ہوگئیں۔آج صبح 4:17 بجے زلزلے کے جھٹکے آج محسوس کیے گئے ۔ زلزلے کا مرکز وسطی آسام کے ضلع موری گاؤں میں زمین کی سطح سے 50 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے وسطی و مغربی اروناچل پردیش، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ اور مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے ۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق بنگلہ دیش کے ضلع سلہٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ۔