پچھلے 3سالوں میں انتہاپسند گروپس کے 9600 کیڈر ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل
ایٹا نگر : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو کہا کہ مرکز میں نریندر مودی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت کے قیام کے بعد گزشتہ آٹھ سالوں میں 89 فیصد گراوٹ آئی ہے ۔ شمال مشرقی ریاستوں میں عسکریت پسندی اور تشدد کے واقعات میں کمی آئی ہے ۔ امیت شاہ جو اروناچل پردیش کے دو روزہ دورے پر ہیں، اپنے دورے کے آخری دن، اتوار کو نمسائی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا‘‘شمال مشرق محفوظ ہے ۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کی شرح میں 89 فیصد کمی آئی ہے ۔ یہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے لیے ایک کامیابی ہے ۔ 2014 سے پہلے پورا شمال مشرق تنازعات اور عسکریت پسندی کے لیے جانا جاتا تھا۔‘‘وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ناگا امن مذاکرات جاری ہیں، بوڈو لینڈ کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور تریپورہ کے تمام باغی گروپوں کے ساتھ ساتھ آسام میں کاربی گروپوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ پچھلے تین سالوں کے دوران، شمال مشرق کے مختلف انتہا پسند گروپوں کے 9,600 کیڈر ہتھیاروں کے ساتھ ہتھیار ڈال کر سماج کے مرکزی دھارے میں شامل ہو گئے ہیں۔‘‘شمال مشرق عسکریت پسندی، دہشت گردی، فائرنگ، بم دھماکوں اور اموات کی وجہ سے خبروں میں رہتا تھا۔ آج پورا ملک شمال مشرق کو اس کی سیاحت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اس کے منفرد ثقافتی تنوع وغیرہ کی وجہ سے جانتا ہے ۔ اس موقع پر امیت شاہ نے اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو، مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو اور دیگر کے ساتھ مل کر 1180 کروڑ روپے کے 50 سے زیادہ پروجیکٹوں/ اسکیموں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے 436 کروڑ روپے کے 22 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور 350 کروڑ روپے کے مزید 25 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔مرکزی وزیر داخلہ نے 244 کروڑ روپے کی لاگت سے فائدہ اٹھانے والے پر مبنی چار مختلف اسکیمیں شروع کیں، جن سے کل 33,466 خاندانوں اور 800 سیلف ہیلپ گروپس(ایس ایچ جی)/غیر سرکاری تنظیموں(این جی او)کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے بہت سی اسکیمیں لوگوں کی زندگیوں میں ‘‘اجالا’لانے میں یقینی طور پر مدد کریں گی۔