شمال مشرق کی سمت پیشرفت کے بعد’تاؤ تے ‘کی شدت میں کمی کا امکان

   

نئی دہلی : آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے شمال مشرقی خطے میں سمندری طوفان ‘تاؤ تے ’ کا زور ٹوٹ جائے گا۔وزارت ارتھ سائنس نے چہارشنبہ کے روز جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔وزارت کے مطابق توقع ہے کہ اگلے دو دن میں ‘تاؤتے ’ طوفان کا شمال مشرقی راجستھان سے مغربی اتر پردیش کی جانب بڑھنے کا امکان ہے ۔بیان کے مطابق ‘تاؤ تے ’ گذشتہ چھ گھنٹوں کے دوران تیز رفتاری سے گجرات سے شمال مشرق کا رخ کررہا ہے ۔ یہ طوفان آج صبح تقریباً 5 بجے جنوبی راجستھان اور اس کے ملحقہ گجرات خطے میں مرکوز رہا۔‘تاؤ تے ’ نے گجرات ، مہاراشٹر اور کرناٹک کے کچھ علاقوں میں زبردست تباہی مچائی ہے جس میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ طوفان نے پیر کی شب سوراشٹر کے علاقے میں دستک دی ، جس کے بعد تیز ہواؤں کے چلنے کے ساتھ ساتھ خطے میں تیز بارش ہوئی۔ اس کی وجہ سے 16500 مکانات کو نقصان پہنچا اور 40000 سے زیادہ درخت اکھڑ گئے ۔ہندوستانی بحریہ اور کوسٹ گارڈ نے گجرات کے ساحل پر‘تاؤ تے ’ کے ٹکرانے سے قبل ممبئی کے قریب سمندری علاقے میں سرچ اور ریسکیو آپریشن کرکے 317 افراد کو بچایا۔ اطلاعات کے مطابق 390 افراد اب بھی پھنسے ہوئے یا لاپتہ ہیں۔