شمس آباد ائرپورٹ پر جملہ 35,654 مسافرین کی اسکریننگ

   

حیدرآباد 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ائرپورٹ ہیلت آرگنائزیشن کی جانب سے 18 فبروری کے بعد سے اب تک راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر جملہ 35,654 بین الاقوامی مسافرین کے کورونا وائرس کے معائنے کئے گئے ہیں۔ ان میں سات مشتبہ معاملات کو گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا ہے ۔ ریجنل ڈائرکٹر آرگنائزیشن ڈاکٹر انورادھا میڈوجو نے بتایا کہ ہم نے 18 فبروری کو 12 متاثرہ ممالک کے مسافرین کی اسکریننگ شروع کی تھی اور 3 مارچ سے ہر بیرونی ملک سے آنے والے مسافر کی اسکریننگ کی جا رہی ہے ۔ وشاکھاپٹنم ائرپورٹ پر حکام کی جانب سے فی الحال ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے اسکریننگ کی جا رہی ہے تاہم وہاں بھی معیاری طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وجئے واڑہ اور تروپتی ائرپورٹس پر کوئی اسکریننگ نہیں ہو رہی ہے کیونکہ وہاں سے متاثرہ ملکوں کیلئے کوئی پرواز نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یومیہ پانچ تا چھ ہزار مسافرین کی اسکریننگ کی جا رہی ہ اور مشتبہ مسافرین کے تمام رشتہ داروں کو بھی نگرانی میں رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں نئے کیس کے سامنے آنے کے بعدمزید چوکسی اختیار کی جا رہی ہے ۔