شمس آباد اور بیگم پیٹ ایرپورٹس کی سیکوریٹی میں اضافہ

   

سنٹرل انٹلیجنس کا فیصلہ، بم سے متعلق دھمکیوں سے نمٹنے کے اقدامات
حیدرآباد۔/25 جون، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ اور بیگم پیٹ ایرپورٹ کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے کیونکہ دونوں ایرپورٹس میں بم رکھے جانے کی دھمکیاں معمول بن چکی ہیں۔ سنٹرل انٹلیجنس بیورو کو بم رکھے جانے سے متعلق ای میل موصول ہوا جو بعد میں بوگس ثابت ہوا۔ دونوں ایرپورٹس میں بم سے متعلق جھوٹی اطلاعات سے نمٹنے کیلئے ایرپورٹ اتھاریٹی اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں نے دونوں ایرپورٹس پر سخت چوکسی کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک کے تمام ایرپورٹس پر چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم اشرار نے ایرپورٹ کی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کیلئے دھمکیوں کو معمول بنالیا ہے۔ موصولہ ای میل میں لفظ فلسطین کے استعمال پر سیکوریٹی ایجنسیوں نے زائد چوکسی اختیار کرلی ہے۔ سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کی جانب سے دونوں ایرپورٹس پر سیکوریٹی پروٹوکولس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ اور بیگم پیٹ ایرپورٹ میں بم رکھے جانے کی اطلاعات کے بعد دونوں ایرپورٹس کی تلاشی لی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل انٹلیجنس بیورو نے صرف دھمکی موصول ہونے کے بجائے مستقل طور پر سیکوریٹی میں اضافہ کی ہدایت دی ہے۔1