حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کسٹمس کے ایرانٹلیجنس یونٹ نے سونے کی اسمگلنگ کرنے کی کوشش کرنے والے پانچ افراد بشمول دو ایمریٹس ایر ویز کے پاسنجرس کو شمس آباد راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کا تعلق پرانے شہر سے بتایا جاتا ہے۔ حیدرآباد کسٹمس کے کمشنر ایم آر آر ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دبئی سے حیدرآباد کا سفر کرنے والے 2 پاسنجرس کی جانب سے سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد ان کی ایر انٹلیجنس یونٹ نے ایمریٹس طیارہ سے شمس آباد ایرپورٹ پہنچنے والے دو مسافرین کو روک لیا اور ان کی تلاشی لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایر پورٹ کے ہائی سیکورٹی اسکانرس سے یہ معلوم ہوا کہ مسافرین نے ٹرالی بیاگ کے راڈز، بیرنگس اور تاروں کی شکل میں سونا لارہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دو مسافرین کو فوری حراست میں لے لیا گیا اور ان کے قبضہ سے ٹرالیاں برآمد کرلی گئیں اور ان کی مزید تفتیش کے بعد اس راکٹ سے جڑے ہوئے مزید تین افراد کو بھی گرفتار کرلیا ۔ کمشنر کسٹمس نے کہا کہ گرفتار افراد کا تعلق پرانے شہر سے ہے اور اس ٹولی کے سرغنہ کا پتہ چل گیا ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے پرانے شہر میں دھاوے کئے گئے لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ایم آر آر ریڈی نے کہا کہ گزشتہ چند عرصہ سے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بیروزگار نوجوانوں اور معاشی پریشانیوں کا شکار افراد کو سونے کے اسمگلرس نشانہ بنارہے ہیں اور انہیں 15 تا20 ہزار روپئے کی رقم اور حیدرآباد واپس جانے کیلئے ایر ٹکٹس کا جھانسہ دے کر انہیں اس اسمگلنگ میں استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی اسمگلر کی سازش کا شکار نہ بنیں کیونکہ ایرپورٹ پر پکڑے جانے پر ان کے ساتھ سخت کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس راکٹ سے جڑے ہوئے مزید افراد کی گرفتاری کیلئے تحقیقات جاری ہیں اور پیشرفت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں سونے کی اسمگلنگ کے 67 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 28.3 کیلو سونا جس کی مالیت 8.86 کروڑ ہے ضبط کرلی گئی اور 13 ہندوستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی کرنسی اور سگریٹس کی اسمگلنگ کیلئے بھی54 مقدمات درج کئے گئے اور چار ہندوستانیوں اور ایک بیرونی باشندے کو گرفتار کیا گیا ہے۔