بچپن کے دوست کی اعلیٰ تعلیم کیلئے کنیڈا کو روانگی کی حسد میں جنونی اقدام
شمس آباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز)شمس آباد ایر پورٹ کو دھماکہ سے اُڑادینے کی دھمکی پر مبنی ای میل بھیجنے والے ایم ٹیک کے طالب علم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔شمس آباد پولیس کے ڈپٹی کمشنراین پرکاش ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 سالہ کتہ راجو ششی کانت نے اپنے ایک بچپن کے دوست سائی رام کالیرو کے حسد میں منگل کو راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ کی کسٹمر سپوٹ پر یہ دھمکی آمیز ای میل بھیجا تھا تاکہ سائی رام کو اعلیٰ تعلیم کیلئے کنیڈا روانہ ہونے سے روکا جاسکے۔ ڈی سی پی این پرکاش ریڈی نے بتایا کہ ششی کانت نے ایر پورٹ کے ویب سائیٹ میں ’ رابطہ‘ کے کالم پر لکھا تھا کہ ’’ میں کل ایر پورٹ کو بم دھماکہ سے اُڑا دینا چاہتا ہوں‘‘ ۔ ڈی سی پی ریڈی نے کہا کہ دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد ایر پورٹ حکام نے پولیس کو مطلع کیا جس پر سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس ( سی آئی ایس ایف ) اور شہری ہوا بازی بیورو کے اعلیٰ عہدیدار وہاں پہنچ گئے اور تلاشی کے بعد یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔ ششی کانت نے قبل ازیں اپنے دوست کا کنیڈا کا ویزا منسوخ کرانے کی سازش کے طور پر کنیڈا کے سفارت خانہ اورکنیڈا کے حکام کے نام کئی جھوٹے اور فرضی ای میلس روانہ کیا تھا۔