شمس آباد ترکاری مارکٹ میں عوام کا ہجوم

   

عوام کی سہولت کے لیے مارکٹ چار مقامات میں تقسیم
شمس آباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد ترکاری مارکٹ جو موجودہ شمس آباد آر جی آئی اے ، پولیس اسٹیشن کے روبرو قائم تھی کو دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا جہاں آج عوام کا ہجوم جمع ہوگیا تھا جس کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ عوام کے ہجوم کو کم کرنے کے لیے ترکاری مارکٹ کو آئندہ پندرہ دنوں یعنی 14 اپریل تک چار مقامات میں بانٹ دیا جائے گا جس سے عوام کا ہجوم کافی حد تک کم ہوگا ۔ ضلع پریشد ہائی اسکول گراونڈ ، شمس آباد بس اسٹانڈ رالہ گوڑہ بریج اور آر بی نگر گراونڈ میں کل سے صبح 6 بجے تا دوپہر 2 بجے تک مقامی عوام کے لیے ترکاری مارکٹ کھلی رہے گی ۔ آج ایک دن کی ترکاری مارکٹ کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں عوام جمع ہوگئی ۔ بعض افراد نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ مارکٹ ہر شخص کے لیے آنے اور جانے کی بہترین سہولت بخش تھی شہر حیدرآباد سے بھی آنے والے افراد جو زیادہ تر ٹرین کے ذریعہ آمد و رفت خرید و فروخت کیا کرتے تھے ۔ اب ان تمام کے لیے کافی مشکل پیش آرہی ہے ۔ جس کے بعد ترکاری مارکٹ کو پندرہ دنوں کے لیے چار مقامات پر قائم کی جارہی ہے ۔ جس سے ہر شخص اپنی سہولت کے لحاظ سے ترکاری کی خرید و فروخت کرسکتے ہیں ۔ ترکاری فروش نے بتایا کہ ایسا کرنے سے انہیں صرف نقصان ہورہا ہے ۔ آٹو کے ذریعہ ترکاری کو لیجانے اور سڑکوں پر کڑی دھوپ میں فروخت کرنا ایک دشوار گذار مسئلہ ہے ۔ چار مقامات پر تقسیم کرنے سے ترکاری فروخت کرنے میں کافی مشکلات پیش آئیں گی ۔ ایک طرف حکومت عوام سے دور رہنے اور فاصلہ بنائے رکھنے پر زور دے کر شمس آباد میں ترکاری مارکٹ میں ترکاری فروشوں کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے ۔ انہیں مقام سے دوسرے مقام تبدیل کرنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ موجودہ ترکاری مارکٹ ہی ان کے لیے بہتر ہوگی ۔۔