شمس آباد تونڈ پلی میں اشرار کی مسجد پر سنگباری

,

   

پانچ مسلم نوجوانوں پر حملہ ۔ ملک چھوڑ دینے کا انتباہ
حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) شمس آباد تونڈ پلی میں اشرار کے ایک گروپ نے مسلم نوجوانوں پر حملہ کرکے جامع مسجد پر سنگباری کردی۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور مقامی مسلمان جمع ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب آج رات کرشنا گوڑ ، منوج گوڑ اور اس کے چار ساتھی جن کا تعلق ہندو بنیاد پرست تنظیموں سے بتایا گیا نے شمس آباد تونڈ پلی میں 5 مسلم نوجوانوں پر حملہ کردیا اور انہیں ملک چھوڑدینے کا انتباہ دیا۔ زخمی نوجوانوں کو گالی گلوج کے بعد اشرار نے جامع مسجد تونڈ پلی پر سنگباری کردی۔ اس حملہ کے بعد مسجد کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور مقامی عوام نے شمس آباد رورل پولیس اسٹیشن کو اس بات کی اطلاع دی جس پر پولیس کی تین ٹیمیں وہاں پہنچ گئی اور وہاں کا معائنہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اشرار کشور گوڑ اور منوج گوڑ سابق میں بھی اسی قسم کے واقعات میں ملوث ہیں۔ پولیس شمس آباد نے تونڈ پلی مسجد کے پاس پولیس پکیٹ متعین کردیا اور دو اشرار کو حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے۔