79.13 فیصد رائے دہی ، 25 جنوری کو نتائج کا اعلان
شمس آباد ۔ 22 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میونسپل انتخابات کا پرامن طور پر اختتام عمل میں آیا ۔ 25 وارڈ میں جملہ 79.13 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ صبح 9 بجے تک 15.57 فیصد ، 11 بجے تک 47.10 فیصد ، دوپہر ایک بجے تک 52.02 فیصد ، تین بجے تک 61.10 فیصد اور شام تک 79.13 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ وارڈ نمبر 9 میں سب سے زیادہ 93.12 فیصد اور وارڈ نمبر 23 میں سب سے کم 67.81 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ ووٹوں کی گنتی اور نتائج 25 جنوری کو ہوگی ۔ شمس آباد ڈی سی پی پرکاش ریڈی کی قیادت میں پولیس کے سخت بندوبست کیے گئے ۔ کئی ووٹرس نے شکایت کی کہ ان کے ووٹ موجود نہیں تھے ۔ ایک اطلاع کے بموجب تقریبا 25 وارڈ میں کئی ووٹس ڈبل بھی آئے اور مرنے والوں کے نام بھی ووٹر لسٹ میں شامل تھے ۔ شمس آباد میونسپل انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے اندازہ کے مطابق جملہ چالیس کرور تک رقم عوام میں بانٹی اور خرچ کی گئی ۔ کل تک تمام امیدوار ووٹوں کے لیے عوام سے اپیل کرتے نظر آئے اور اب انہیں 25 جنوری کا انتظار ہے ۔ ان کی قسمت کا فیصلہ بیالٹ باکس میں محفوظ ہوچکا ہے ۔ شمس آباد میونسپل انتخابات بیالٹ پیپر پر ہونے سے تمام امیدوار مطمئن دکھائی دیئے ۔ پولنگ اسٹیشن میں کسی کو بھی سیل فون ، پانی کی بوتل یا دیگر اشیاء لیجانے سے روک دیا گیا ۔۔