شمس آباد میونسپل انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل

   

ایک ووٹ کی قیمت پانچ تا دس ہزار روپئے ، ووٹرس کی چاندی
شمس آباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میونسپل انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ شمس آباد میونسپل کمشنر چامنڈ یشوری نے بتایا کہ انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے تمام اقدامات کئے گئے ہیں آج صبح 53 پی او ، 53 اے پی او اور 159 او پی او نے حاضری دیدی ہے ۔ کے وی نائیک آئی اے ایس جنرل آبزرور نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس کی جانب سے بھی پولیس عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شمس آباد اے سی پی اشوک کمار نے پولیس عملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمس آباد میونسپل ایریا میں تمام مقامات پر پولیس چیکنگ کی جائے اور کسی کو بھی ووٹ کے بدلہ نوٹ دیتے ہوئے یا پھر کوئی دوسری اشیاء بانٹتے ہوئے پائے جائے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ شمس آباد کے تمام 25 وارڈس میں عید و تہوار کا ماحول بنا ہوا ہے ۔ تقریبا ہر پارٹی سے ووٹرس کو اپنی جانب راغب کرنے کئی اعلانات کیے جارہے ہیں اور ساتھ ہی ایک ووٹ کی قیمت پانچ تا دس ہزار روپئے دئیے جارہے ہیں ۔ جس سے ووٹروں کی چاندی ہورہی ہے ۔ اور تقریبا پورے وارڈس میں بوگس ووٹرس بھی موجود ہیں ایک اطلاع کے بموجب بعض مقامات پر برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے ووٹرس کو ان کی پارٹی کے حق میں ووٹ استعمال نہ کرنے پر انہیں حکومت کی اسکیمات سے محروم رکھا جائے گا ۔ شمس آباد ڈی سی پی پرکاش ریڈی کی قیادت میں پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا ہے اور انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے پولیس گشت کررہی ہیں ۔۔