شمس آباد میونسپل میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کا تیقن

   

کولن سشما ریڈی چیرپرسن سے خصوصی انٹرویو
شمس آباد ۔ /13 فبروری (سیاست نیوز) شمس آباد میونسپل چیرپرسن کولن سشما ریڈی نے سیاست کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کے بعد راجندرا نگر رکن اسمبلی نے انہیں چیرپرسن کے لئے منتخب کیا جس کے لئے انہوں نے رکن اسمبلی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے جس بھروسہ سے ہمیں کامیاب بنایا ہے ہم ان کے بھروسہ کو مکمل کرتے ہوئے عوامی مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں گے ۔ موسم گرما کی آمد ہورہی ہے اس میں سب سے بڑا مسئلہ اور ہمارے لئے ایک چیلنج ہوگا کہ عوام کو پانی کی سربراہی کی جائے جس کے لئے ابھی سے ہی بورس کی مرمت کروائی جارہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر نئے بورس بھی ڈالے جائیں گے ۔ کارپوریشن انتخابات کی وجہ سے کاموں میں تاخیر ہورہی ہیں اور جیسے ہی انتخابات مکمل ہوجائیں گے نئے کاموں کا آغاز کیا جائے گا ۔ واٹر پائپ لائینس کی بھی مرمت کرتے ہوئے پانی کی قلت سے محفوظ رہنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کچرے کی صفائی کے لئے بھی سختی سے عمل کیا جارہا ہے اور تمام عملہ کو ہدایت دی گئی کہ وقت پر کچرے کی صفائی کی جائے اور پورے میونسپل علاقہ میں اسٹریٹ لائیٹس ڈالے جائے اور یہ بہت جلد مکمل بھی کرلیا جائے گا ۔ انڈر گراؤنڈ ڈرینیج کے کاموں کو بھی بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔ 57 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کرتے ہوئے پنشن کی منظوری کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شمس آباد کے تمام محلے جات میں آوارہ کتوں کی کثرت میں اضافہ ہونے پر انہیں دور مقام منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے اور خنزیروں کو بھی دور جنگل کے علاقہ میں چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ شمس آباد کے بعد بعض محلے جات میں کافی پسماندگی ہے جس کو دور کرنے کے تمام اقدامات کئے جائیں گے اور جلد از جلد شمس آباد میونسپلٹی کو مثالی بنایا جائے گا ۔