راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کا خطاب
شمس آباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : شمس آباد میونسپل وارڈ نمبر 5 میں پٹنا پرگتی پروگرام کے تحت راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے دورہ کرتے ہوئے صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وارڈ نمبر 5 میں عوام تکمیل شدہ کاموں کو بہت جلد مکمل کرتے ہوئے ترقی یافتہ وارڈ بنایا جائے گا ۔ محلہ احمد نگر میں سی سی روڈس ، انڈر گراونڈ ڈرینج کے کاموں کو بہت جلد شروع کرنے کا تیقن دیتے ہوئے پرکاش گوڑ نے کہا کہ آنگن واڑی اسکول بھی یہاں قائم کیا جائے گا ۔ جس میں تمام عصری سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی ۔ انہوں نے محمد تاج بابا کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نوجوان لیڈر ہے جو ہر وقت عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تیار ہے اور شادی مبارک و حکومت کے دیگر اسکیمات کو عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کو صاف ستھرا رکھنے اور کچرے کو صرف کوڑے دان میں ہی ڈالے جن سے ہر طرح کا ماحول صاف ہوگا جس سے کئی وبائی امراض سے محفوظ بھی رہا جاسکتا ہے ۔ پینے کے پانی کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ حکومت گھر گھر کو پانی کی سربراہی کے اقدامات کررہی ہے اور جہاں کہیں بھی سہولت نہیں ہے ۔ وہاں پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے عوام میں کوڑے دان تقسیم کئے اور تیقن دیا کہ بہت جلد شمس آباد میونسپل کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر کولن سشما ریڈی میونسپل چیرپرسن محمد صابر علی میونسپل کمشنر ، مسرت جہاں تاج بابا کونسلر ، محمد جہانگیر خان کونسلر ، مہیندر ریڈی ، وینکٹیش گوڑ ، وائی کمار ، اجئے ، وینکٹیش کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔۔