حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد پولیس کے علاقہ مدھو گٹہ میں دستیاب خاتون کی نعش کی شناخت کرلی گئی ہے۔ پولیس کو اس واقعہ میں اہم سراغ ملا ہے۔ کل کے بیان کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اس خاتون نے خودسوزی کرلی ہے تاہم پولیس اس معاملے میں مزید تحقیقات کررہی ہے۔ یاد رہے کہ پرینکا ریڈی کے واقعہ کے چند گھنٹوں بعد ایک اور خاتون کی نعش دستیاب ہونے سے علاقہ میں خوف و سنسنی پھیل گئی تھی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور مقامی عوام سے تحقیقات کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون کی شناخت کویتا بائی کی حیثیت سے کی ہے جو دھول پیٹ علاقہ کے ساکن سنتوش کی بیوی ہے۔ کل اس خاتون کو پریشان حال دیکھ کر ایک مندر کے پجاری نے بھی اس سے بات کی تھی جس نے پولیس کو تفصیل بتائی۔ خاتون کی بات پجاری کی بھی سمجھ میں نہیں آئی۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو اس بات کا پتہ چلا ہے کہ خاتون کی ذہنی حالت درست نہیں تھی جو ہاتھ میں ایک بیاگ لئے گھوم رہی تھی اور وہ کل دوپہر اپنے مکان سے نکلی تھی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔