حیدرآباد 17 اگست (سیاست نیوز) شمس آباد حدود میں سات امرائی میں نیشنل ہائی وے پر بائیک پر چند نوجوانوں نے کرتب بازی کی تھی جس کی سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوگئیں جس کے بعد شمس آباد ٹریفک پولیس نے مقدمہ درج کرکے نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ شمس آباد ٹریفک انسکٹر پرمود کمار نے بتایا کہ ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعہ پتہ چلا کہ چند نوجوان بائیک پر خطرناک کرتب بازی کررہے ہیں جس سے انھیں اور دیگر مسافروں کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے جس پر سوشل میڈیا کے ذریعہ پولیس کو مقدمہ درج کرکے نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی اپیل کی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ان کی شناخت کی اور انھیں گرفتار کرلیا جو حیدرآباد کے بورا بنڈہ علاقہ کے ساکن بتائے گئے۔ ٹریفک انسپکٹر پرمود کمار نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر خاص توجہ دیں اور انھیں رات کے وقت بائیک نہ دیں اور ضرورت کے وقت دیں تو ان سے مسلسل ربط قائم رکھیں تاکہ وہ ایسی حرکت نہ کرسکیں جس کی وجہ سے انھیں اور دیگر کیلئے دشواری پیدا ہو۔ (ش)