سرکاری اسکیمات میں مسلمانوں کو حصہ داری، مسلمانوں کی تائید سے حکومت برسر اقتدار آنے کا اعتراف، راجیو یوا وکاسم کے تحت 50 ہزار اقلیتوں کو 850 کروڑ کا سبسیڈی لون
اقلیتوں کی بھلائی حکومت کی ذمہ داری۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حج ہاؤز سے عازمین حج کے قافلہ کو وداع کیا، اہم شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب عازمین حج کی سہولت کے لئے عالیشان رباط کی تعمیر کا اعلان کیا جس پر 20 تا 25 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے تمام سرکاری اسکیمات میں اقلیتوں کو آبادی کے اعتبار سے حصہ داری دینے کا وعدہ کیا اور کہاکہ تلنگانہ میں مسلمانوں کی تائید سے کانگریس کی حکومت قائم ہوئی ہے۔ جب حکومت آپ کی تائید سے چل رہی ہے تو پھر آپ کی بھلائی اور ترقی کے اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھائے گی۔ چیف منسٹر آج حج ہاؤز نامپلی میں تلنگانہ حج کمیٹی کے آٹھویں قافلہ کو وداع کررہے تھے۔ عازمین حج کے قافلوں کی حیدرآباد سے جدہ روانگی کا آج سے آغاز ہوا اور پہلے قافلہ کی بسوں کو چیف منسٹر نے جھنڈی دکھاکر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے لئے روانہ کیا۔ اِس موقع پر رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال، صدرنشین اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، صدر ٹمریز فہیم الدین قریشی، صدرنشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، صدرنشین لائبریریز محمد ریاض، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال اور دوسرے موجود تھے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے خیرمقدم کیا اور آخر میں دُعا کی۔ چیف منسٹر نے اُردو میں تقریر کی اور آغاز پر عازمین حج سے درخواست کی کہ ملک کے لئے خصوصی دُعا کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ سے حج کے لئے داخل کردہ تمام درخواستیں قبول کی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ فریضہ حج ادا کرے اور بیت اللہ شریف کی زیارت کرتے ہوئے دُعا کریں۔ اللہ کے حکم سے تلنگانہ سے 6 ہزار سے زائد عازمین روانہ ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد سے 17 ریاستوں کے عازمین بھی فریضہ حج کے لئے روانہ ہورہے ہیں جن کے لئے حکومت نے انتظامات کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اقلیتوں کی بھلائی کے لئے درکار فنڈس کی اجرائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ یہ آپ کا حق ہے مانگنے کی ضرورت نہیں۔ حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے گی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ میں آپ کی مدد سے حکومت قائم ہوئی ہے، جب حکومت آپ کی مدد سے چل رہی ہے تو جو بھی ضرورت ہو اُسے منظور کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ حکومت ذمہ داری نبھانے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پرانے شہر کی ترقی کے لئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ وہ پرانے شہر کو حقیقی شہر تصور کرتے ہیں اور لوک سبھا حلقہ حیدرآباد کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے 2 ہزار کروڑ مختص کئے گئے۔ میٹرو ریل، سڑکوں کی تعمیر اور میر عالم تالاب میں فلائی اوور کی تعمیر منصوبہ میں شامل ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم میں مسلمانوں کو آبادی کے اعتبار سے حصہ داری دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ عام طور پر مسلمانوں کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ نظام حیدرآباد کے وارث ہیں اور وہ غریب نہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حقیقت اِس کے برخلاف ہے، مسلمانوں میں کافی غربت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے فلاحی اسکیمات میں مسلمانوں کو حصہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملازمتوں میں بھی مسلمانوں کو مناسب حصہ داری دی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نظام حیدرآباد نے مکہ مکرمہ میں رباط تعمیر کی تھی۔ تلنگانہ حکومت ایرپورٹ کے قریب مامڑپلی میں 20 تا 25 کروڑ سے عالیشان رباط تعمیر کرے گی اور آئندہ سال عازمین حج کی روانگی وہیں سے عمل میں آئے گی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حج ہاؤز سے متصل زیرتعمیر کامپلکس کی تکمیل کے لئے اُنھوں نے عہدیداروں کو تخمینہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عمارت کی تکمیل کے لئے جو رقم بھی درکار ہوگی، حکومت جاری کرے گی اور عمارت کی تکمیل کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ اِسے خانگی اداروں کے حوالہ کیا جائے یا اقلیتوں بہبود کے استعمال میں رکھیں۔ چیف منسٹر نے راجیو یوا وکاسم اسکیم کا حوالہ دیا اور کہاکہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت بیروزگار تعلیم یافتہ اقلیتی نوجوانوں کو قرض فراہم کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکیم کے لئے 6 ہزار کروڑ مختص کئے گئے جس میں سے 850 کروڑ اقلیتوں کے 50 ہزار امیدواروں کو فراہم کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی، معاشی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں سنجیدہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 8 مسلمانوں کو مختلف کارپوریشنوں کا صدورنشین مقرر کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ اللہ کے گھر میں 4 کروڑ تلنگانہ عوام کے لئے دُعا کریں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہاکہ حج کمیٹی کا بجٹ 2 کروڑ تھا لیکن ریونت ریڈی حکومت نے بہتر انتظامات کے لئے 4 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ اُنھوں نے حج کیمپ کے انتظامات کی تفصیلات پیش کیں۔ چیف منسٹر کی آمد کے ساتھ ہی بعض عازمین حج نے اُنھیں ٹوپی پیش کی اور امام ضامن باندھا۔ چیف منسٹر نے محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے عازمین سے ملاقات کی اور دُعاؤں کی درخواست کی۔ تقریب کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کا آٹھواں قافلہ حج ہاؤز سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ ہوا۔ اِس موقع پر حج ہاؤز میں نورانی منظر دکھائی دیا اور سینکڑوں کی تعداد میں عازمین کے دوست احباب اور رشتہ دار وداع کرنے کے لئے موجود تھے۔1