حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے شمس آباد ایر پورٹ پولیس کی مدد سے 10 سال قبل پیش آئے سنسنی خیز قتل کے معمہ کو حل کرتے ہوئے دو خاطیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ شیخ باشا ساکن پارسی گٹہ آندھرا پردیش کے ضلع کڑپہ کا متوطن تھا اور وہ پارسی گٹہ میں چائے فروخت کرتا تھا۔ شیخ باشا نے اخراجات سے نمٹنے کیلئے سرقوں میں ملوث ہونے لگا اور اسی دوران اس کی ملاقات پی سرینواس، الم سریش اور بندلہ گوڑہ بہادر پورہ کے ساکن وسیم سے ہوئی تھی۔ سینو سابق میں چار قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ سریش اور وسیم بھی بعض مقدمات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ آپسی مخاصمت کے نتیجہ میں سرینواس نے سریش اور وسیم کو شیخ باشا کا قتل کرنے کیلئے دو لاکھ روپئے کی سپاری دی تھی اور 9 مئی 2009 کو شراب پینے کے بہانے خاطیوں نے شیخ باشا کو شمس آباد طلب کیا اور اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ مقتول کی شناخت مٹانے کیلئے خاطیوں نے اس کے چہرے پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔
