شمس آباد کے جوکل موضع میں مندر کو نقصان پہونچانے والا نوجوان گرفتار

   

اکثریتی افراد کا پولیس کی گاڑی پر سنگ باری، پولیس مصروف تحقیقات

شمس آباد 10 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد منڈل کے موضع جوکل میں ہفتہ کی رات چند نامعلوم افراد پوچماں مندر میں داخل ہوکر مورتیوں کو نقصان پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق پوچماں مندر میں تین مورتیوں کے کپڑے نکال کر پھینک دیئے اور انھیں نقصان پہنچایا۔ واقعہ کے فوراً بعد مقامی افراد نے مندر میں ایک نوجوان جس کا نام صدیق بتایا گیا ہے اسے پکڑ کر اس کی پٹائی کردی اور اسے پولیس کے حوالہ کردیا۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد پولیس مقام پر پہنچی اور مورتیوں کو نقصان پہنچانے والے کو حراست میں لینے کی کوشش کی تو چند افراد نے پولیس کی گاڑی پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے پولیس کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ برہم عوام نے دیکھا کہ مورتی کو نقصان پہنچانے والا مسلم ہے تو نعرے لگائے اور اسے ان کے حوالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے حالات کو قابو میں کرلیا۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد زون ڈی ایس پی راجیش، ایڈیشنل ڈی سی پی رام کمار، اے سی پی کے سرینواس راؤ، شمس آباد انسپکٹر نریندر ریڈی مقام پر پہنچ گئے۔ برہم عوام کو تیقن دیا کہ بہت جلد ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سزا دی جائے گی۔ ہندو تنظیموں نے الزام لگایا کہ دس مسلمان مندر میں داخل ہوئے اور مورتیوں کو نقصان پہنچایا اور جب مقامی افراد جمع ہوتے دکھائی دیئے تو 9 ملزمین فرار ہوگئے اور ایک کو پکڑلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ جوکل میں پیش آئے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے اور بہت جلد تحقیقات مکمل کرکے ملزمین جو مفرور بتائے گئے ہیں ان کی گرفتاری عمل میں آئے گی۔ شمس آباد میں پانچ دن میں تین مندروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ ایرپورٹ کالونی اور سدانتی کی مندر میں نقصان پہنچانے والے افراد کو وقت پر ہی حراست میں لے لیا گیا جس کا تعلق اکثریتی طبقہ سے ہے۔ (ش)