شمس آباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شمس آباد کے علاقہ سدانتی میں جمعرات کی دوپہر سیلنڈر پھٹنے سے چار شیڈ جل کر تباہ ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق شمس آباد کے علاقہ سدانتی میں نکشترا کالونی کے قریب مزدور پیشہ افراد جو ٹین کے شیڈ میں مقیم تھے ۔ روزانہ کی طرح جمعرات کو سبھی لوگ مزدوری پر گئے تھے کہ اچانک تقریبا 12 بجے شدید گرمی کی وجہ سے گیس سیلنڈر پھٹ گیا ۔ جس کی وجہ سے چاروں شیڈ جل کر برباد ہوگئے ۔ اتفاق سے حادثہ کے وقت ان شیڈز میں کوئی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد آر جی آئی اے پولیس اور فائر ٹنڈرز مقام پر پہنچ گئے ۔ فائر ٹنڈرز نے آگ پر قابو پالیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ شدید گرمی کی وجہ سے ٹین کے شیڈ مزید گرم ہوگئے جس کی وجہ سے سیلنڈر پھٹ پڑا ۔ پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔۔