بڑی کمپنیوں اور ایرپورٹ اتھاریٹی کی ایماء پر کارروائی، ڈرائیورس کا الزام
حیدرآباد۔3فروری(سیاست نیوز) شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے خانگی گاڑیوں اور ڈرائیورس کی جانب سے مسافرین کوان کی منزل مقصود تک پہنچانے کا عمل غیر قانونی ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے باضابطہ مہم بھی چلائی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی شمس آباد ائیر پورٹ سے مسافرین کو رجھاتے ہوئے خانگی ڈرائیورس کی جانب سے شہر کی سمت لانے کا عمل جاری ہے۔ائیر پورٹ سے اپنی منزل مقصود تک کے سفر کیلئے ائیر پورٹ پر اولا ‘ اوبر کے علاوہ پری پیڈ ٹیکسی خدمات موجود ہیں لیکن اس کے باوجود بعض خانگی ڈرائیورس مسافرین کو کم کرایہ کا لالچ دیتے ہوئے انہیں رجھاتے ہیں اور انہیں خانگی گاڑیوں میں شہر کی جانب لے جانے کی پیشکش کرتے ہیں جو کہ درست نہیں ہے۔ خانگی ڈرائیورس میں بیشتر ایسے ہوتے ہیں جن کی گاڑیاں ٹراویلس کی ہوتی ہیں اور وہ اپنے مسافر کو رائیر پورٹ چھوڑ کر اس بات کی کوشش میں رہتے ہیں کہ انہیں واپسی کے لئے کوئی سواری مل جائے تو وہ کچھ اضافہ رقم حاصل کرسکتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش قانون کی نظر میں درست نہیں ہے اسی لئے ائیر پورٹ انتظامیہ اور دیگر خانگی کمپنیاں جو کہ ائیر پورٹ انتظامیہ کو بھاری رقومات ادا کرتے ہوئے ائیر پورٹ سے کہیں بھی جانے کے لئے خدمات فراہم کر رہی ہیں ان کمپنیوں کی جانب سے متعدد مرتبہ اس بات کی شکایت کی جا رہی ہیں کہ خانگی ڈرائیورس جو کہ مستقل ائیر پورٹ سے گاڑی نہیں چلاتے وہ مسافرین کو اپنی جانب راغب کرنے کے لئے واپسی کے ٹرمنل تک پہنچ جاتے ہیں اور وہیں سے مسافرین کو کم کرایہ کا لالچ دیتے ہوئے سامان حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے گذشتہ ماہ کے دوران چلائی گئی مہم کے دوران کئی خانگی ڈرائیورس کو بھاری جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ ان کی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے اقدامات بھی کئے جاچکے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی یہ سرگرمیاں جاری رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں کی جانب سے مسافرین کو انتباہ جاری کرتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ ان خانگی گاڑیوں میں سفر نہ کریں اور نہ ہی ان خانگی ڈرائیورس پر اعتماد کریں جبکہ ڈرائیورس کا کہناہے کہ وہ اپنی آمدنی میں کچھ اضافہ کیلئے یہ کوشش کرتے ہیں لیکن محکمہ پولیس بڑی کمپنیوں اور ائیر پورٹ اتھاریٹی کی ایماء پر انہیں مجرم قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے جو کہ ڈرائیورس کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔