شمشان گھاٹ سے آن لائن کلاس میں شرکت انٹرنیٹ سگنلس نہ ملنے پر جگتیال کی طالبہ کی مجبور

   

حیدرآباد :/29 اگست (یو این آئی) کورونا وبا کے بعد تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے اور طلبہ کی آن لائن کلاسس کا اہتمام کیاجارہا ہے تاہم کئی طلبہ کو آن لائن کلاس کیلئے انٹرنٹ کے مسائل کا سامنا ہے ۔حالیہ عرصہ میںکئی طلبہ کو انٹرنٹ کیلئے درختوں اور اونچے مقامات پربیٹھ کر تعلیم حاصل کرتا دیکھاگیا ۔ تاہم ضلع جگتیال میں نٹ ورک مسائل پر ایک لڑکی کو کہیں اور نہیں بلکہ شمشان گھاٹ کے قریب لائن کلاسس میں شرکت کیلئے مجبور ہونا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق ملیال منڈل کی ساکن مریالا کلپنا نامی نے ایمسیٹ میں 698نشانات حاصل کئے تھے جس کے بعد اس کا داخلہ سال 2017میں ایک پرائیویٹ کالج میں ہوگیا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے وہ گذشتہ دو سال سے آن لائن کلاسس میں شرکت کررہی ہے ۔اس کو انٹرنیٹ کے نٹ ورک اورسگنلس کے کئی مسائل کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔وہ چاہتی تھی کہ اس کے مکان کی چھت پر بیٹھ کر آن لائن کلاسس سے استفادہ کرے تاہم اس کو خوف ہے کہ اس علاقہ میں بندرسرگرم ہیں جو اس پر حملہ نہ کردیں۔اسی لئے وہ ایسا کرنے سے گریز کررہی ہے ۔یہ طالبہ شمشان گھاٹ کے قریب بیٹھ کر آن لائن کلاسس میں حاضرہورہی ہے ۔اس نے کہا کہ اس کے گاوں میں سگنلس نہیں ہیں جس کے سبب اس کو تقریبا دو سال سے مشکلات کا سامنا ہے ۔