شملہ : مرکزی حکومت کی طرف سے زرعی قوانین کو واپس لینے کے اعلان کے بعد کانگریس کارکنوں نے آج ملک بھر میں کسان وجے دیوس اور جشن منانے اور وجے ریلی نکالنے کے ملک گیر پروگرام کے تحت کانگریس کے کارکنوں نے بھی یہاں جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔شملہ دیہی کانگریس کے صدر یشونت چھجٹا نے اس موقع پر کہا کہ زرعی قانون کو واپس لینا کسانوں اور ان کی تحریک کی جیت ہے ۔ کانگریس کارکن یہاں شیر پنجاب میں جمع ہوئے اور تحریک میں اپنی جانیں گنوانے والے کسانوں کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس کے بعد انہوں نے لڈو تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا۔مسٹر چھجٹا کے مطابق ضمنی انتخابات میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی شکست کے بعد پہلے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نیچے آئیں اور اب زرعی قوانین کی واپسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے اسے کسانوں اور کانگریس کی جیت قرار دیا۔