شملہ کی سنجولی مسجد کی 3 منزلیں ڈھانےکے احکام موصول

   

شملہ: سنجولی مسجد (شملہ) کی 3 بالائی منزلیں ڈھادینے کے میونسپل کمشنر کورٹ کی آرڈر کاپی مل گئی ہے اور وقف بورڈ کو اس کی جانکاری دے دی گئی ہے۔ سنجولی مسجد کمیٹی کے صدر محمد لطیف نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔ ایم سی کورٹ نے5 اکتوبر کو حکم دیا تھا کہ 5 منزلہ سنجولی مسجد کی 3 ’’غیرمجاز‘‘ منزلیں گرادی جائیں۔ اس نے وقف بورڈ اور مسجد کمیٹی کے صدر کو اس کے لئے 2 ماہ کا وقت دیا تھا۔ محمد لطیف نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں آرڈر کاپی مل گئی ہے اور ہم نے وقف بورڈ کو لکھ دیا ہے جو مسجد کی اراضی کا مالک ہے۔ وقف بورڈ کی اجازت ملتے ہی منزلیں ڈھانے کا کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 12 ستمبر کو پہلے ہی پیشکش کی تھی کہ 2 غیرمجاز منزلیں ڈھادی جائیں گی تاہم ریاست کی مسلم تنظیمیں شملہ ایم سی کورٹ کے فیصلہ پر منقسم ہیں۔ آل ہماچل مسلمس آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ وہ اس حکم کو اپیلیٹ اتھاریٹی کورٹ میں چیلنج کرے گی اور سپریم کورٹ تک لڑائی لڑے گی۔