شناختی کارڈ کے باوجود فہرست میں نام نہیں، ووٹرس کو مایوسی

   

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میں ایک طرف عوام کی عدم دلچسپی سے رائے دہی کا فیصد کم رہا تو دوسری طرف کئی رائے دہندے پولنگ بوتھس سے مایوس واپس ہوگئے کیونکہ فہرست رائے دہندگان میں ان کا نام شامل نہیں تھا ۔ کئی رائے دہندے ووٹر آئی ڈی کارڈ یا پھر ٹیلیفون میں الیکشن کمیشن ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کردہ شناختی کارڈ کے ساتھ پہنچے تھے، انہیں یہ جان کر مایوسی ہوئی کہ فہرست رائے دہندگان میں ان کا نام شامل نہیں ہے۔ پریسائیڈنگ آفیسرس سے کئی رائے دہندوں کو بحث و تکرار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ بعض مقامات پر ٹنڈر ووٹ کیلئے رائے دہندے اصرار کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دیئے جانے میں کئی کوتاہیاں ہوئی ہیں اور عجلت میں فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دے دی گئی جس کے نتیجہ میں کئی نام حذف ہوگئے ۔ 2016 بلدی انتخابات ، 2018 اسمبلی اور 2019 لوک سبھا انتخابات کے موقع پر حق رائے دہی سے استفادہ کرنے والے کئی افراد اس مرتبہ فہرست میں ناموں کی عدم موجودگی کے باعث محروم رہے۔