ممبئی: الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے شیوسینا (اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے اتوار کو کہا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والے دھڑے کو شیوسینا کے طور پر تسلیم کرنے اور اسے کمان اور تیر کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کا فیصلہ جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ‘سی ایم’ کا مطلب ‘کرپٹ آدمی’ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “غیر قانونی اور غیر آئینی وزیر اعلیٰ کو ضرور جانا پڑے گا”شمالی ممبئی میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا شندے کی قیادت والے دھڑے کو شیوسینا کے طور پر تسلیم کرنے اور اسے کمان اور تیر کا نشان الاٹ کرنے کا فیصلہ جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیو سینا (یو بی ٹی) کو الاٹ کردہ مشعل کا نشان واحد روشنی ہے جو دھوکہ دہی اور پیٹھ میں چھرا گھونپنے سے پیدا ہونے والے اندھیرے کو دور کرے گی۔