عوام وفاداروں کے ساتھ کھڑے رہیں۔ ریونت ریڈی کا مہاراشٹرا انتخابی مہم میں خطاب
حیدرآباد 14 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مہاراشٹرا کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورلی ممبئی میں ادھوٹھاکرے کے فرزند آدتیہ ٹھاکرے کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور کہا کہ آدتیہ ٹھاکرے کامیاب ہونے کی صورت میں مہاراشٹر کابینہ میں شامل رہیں گے اوروہ خود ( ریونت ریڈی) مہاراشٹرا کیلئے بونس چیف منسٹر رہیں گے۔ ریونت ریڈی نے ووٹرس سے کہا کہ جب کبھی مہاراشٹرا کے رائے دہندوں کو ضرورت ہوگی وہ ان کیلئے مہاراشٹرا میں دستیاب رہیں گے اور ان کے مسائل کو حل کرنے حکومت سے نمائندگی کریں گے ۔ کل شب انتخابی مہم کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہمراہ رکن پارلیمنٹ و صدر ممبئی کانگریس نشدل گائیکواڈ و آدتیہ ٹھاکرے اور دیگر موجود تھے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورلی امیدوار آدتیہ ٹھاکرے اور دیگر قائدین کے ہمراہ مقامی مندر میں درشن کے بعد مہم کا آغاز کیا ۔ریونت ریڈی نے کہا کہ ایکناتھ شنڈے‘ اجیت پوار اور ملند دیورا ممبئی اور مہاراشٹرا کو غداروں کے اڈہ میں تبدیل کرنے کی سازش کر رہے ہیں اسی لئے ممبئی کے عوام کو چاہئے کہ وہ وفاداروں کے ساتھ کھڑے ہوکر ثابت کردیں کہ ممبئی میں غداری اور غداروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ مہاراشٹرا میں عوام غداروں کو سبق سکھانے تیار ہیں اور جو لوگ غداری کے مرتکب ہیں انہیں عوام اپنے ووٹ کے ذریعہ سبق سکھائیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آدتیہ ٹھاکرے محض انڈیا اتحاد کے امیدوار نہیں ہیں بلکہ انہیں بال ٹھاکرے کا آشیرواد ہے اور ان کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹرا میں 23نومبر کو انڈیا اتحاد کی حکومت کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی اور آدتیہ ٹھاکرے کابینہ کا حصہ بن جائیں گے ۔انہوں نے مہاراشٹرا کے تمام حلقہ جات اسمبلی کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کی کامیابی سے ملک میں اتحاد کو فروغ دیں۔3