نئی دہلی، 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں یکم اور دو نومبر کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ہندوستان کی نمائندگی کریں گے ۔وزارت خارجہ نے جمعرات کو یہاں یہ اطلاع دی۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستان کے رکن بننے کے بعد یہ تیسرا سربراہی اجلاس ہو گا۔ یکم دسمبر کو 2017 کے لئے یہ اجلاس روس کے سوچی میں اور 11-12 اکتوبر 2018 کے لیے اس کا اجلاس تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں ہوا تھا جن میں وزیر اعظم نریندر مودی نے حصہ لیا تھا۔مسٹر سنگھ اجلاس میں شرکت کے علاوہ ازبک قیادت کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے ۔